جنوری 15 کو بلدیاتی انتخابات نہیں ہونےدیں گے،دھڑوں کے انضمام کےبعدایم کیوایم کی دھمکی

پندرہ جنوری کو بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے دیں گے، اس بات کا اعلان دھڑوں کے انضمام کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے اپنی پہلی کانفرنس میں کیا- اس سے قبل مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی اور فاروق ستار ، خالد مقبول کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں شامل ہوگئے، خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے التوا میں کسی نے ان کے مؤقف کو غلط قرار نہیں دیا لیکن یہ ضرور کہا آپ غلط وقت پر درخواست لے کر آگئے، کل کا دن دیکھیں پرسوں فیصلہ کريں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے باہر نکل آئيں، شارع فیصل پر دھرنا دیں دیکھتے ہیں کیسے 15 جنوری کو الیکشن ہوتاہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کچھ لوگ ذرا شریف کیا ہوئے سار شہر ہی بدمعاش بن گيا۔تقسیم درتقسیم کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے تین دھڑے آج پھر سے ایک ہوگئے، چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار نے بہادر آباد پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ پاکستان میں انضمام کا اعلان کیا۔چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں عامر خان اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ایم کیو ایم پاکستان کےکنوینر خالد مقبول صدیقی نے مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ مشترکا کاوشیں رنگ لائی ہیں، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور ان کے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ قوم میں مایوسی پیدا کرنے والوں کو آج مایوسی ہو رہی ہے، پاکستان بنایا تھا، اب پاکستان بچائیں گے، ہم سب کو حالات کی سنگینی کا احساس ہے، جن کے اجداد نے پاکستان بنایا تھا انہی کی اولادوں پر ملک بچانےکی سب سے بڑی ذمہ داری ہے، مینڈیٹ تقسیم اور سازش کرنے والوں کو آج مایوسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں کراچی سے ایم کیو ایم کو ہرایا گیا، 2018 میں جو جیتے وہ حیران تھے، جنہوں نے جتوایا وہ پریشان ہوگئے، آر ٹی ایس بیٹھتا رہا تو پاکستان کی جمہوریت بھی بیٹھ جائےگی۔انہوں نےکہا کہ بار بار وضاحتیں نہیں دیں گے، ریاست مخالف نعرے اور نعرے لگانے والے دونوں کو مسترد کرچکے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے پی ایس پی کو ایم کیو ایم پاکستان میں ضم کرنے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ ہم خالد مقبول صدیقی بھائی کی رہنمائی میں کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں