چینی جاسوس غبارہ پکڑےجانےکےبعدامریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کادورہ چین منسوخ

امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے چینی جاسوس غبارے کو امریکی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جمعہ سے شروع ہونے والے چین کے دورے کو منسوخ کردیا ہے۔ محکمہ خارجہ کے ایک سینئر اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے انٹر ایجنسی پارٹنرز کے ساتھ ساتھ کانگریس کے ساتھ مشاورت کے بعد ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ سیکریٹری انٹونی بلنکن کے چین کا سفر کرنے کے لیے اس وقت حالات موزوں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی جمہوریہ چین کے اس معاملے پر اظہار افسوس پر مبنی بیان کو دیکھا ہے لیکن ہماری فضائی حدود میں ان کے غبارے کی موجودگی ہماری خودمختاری کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قانون کی بھی واضح خلاف ورزی ہے اور ایسا ہونا ناقابل قبول ہے۔ امریکی حکام نے بتایا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے بیجنگ کے طے شدہ دورے سے چند روز قبل ایک چینی جاسوس غبارہ امریکا کے اوپر دو روز سے پرواز کر رہا ہے۔ اس معاملے پر امریکا میں ایک نیا سیاسی ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے۔ ریپبلکن سینیٹر ٹام کاٹن نے بلنکن سے اپنا دورہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جب کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور 2024 کے انتخابات میں ریپبلیکن کے صدارتی امیدوار نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر غبارے کو مار گرانے کا مشورہ دیا۔ جمعہ کو ایک بیان میں چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ غبارہ شہری موسمیات اور دیگر سائنسی مقاصد کے لیے تھا اور اسے افسوس ہے کہ فضائی جہاز غلطی سے بھٹک کر امریکی فضائی حدود میں پہنچ گیا تھا۔جو بائیڈن نے جمعہ کی صبح معیشت کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے غبارے کے بارے میں سوالات کو نظر انداز کر دیا۔ چین امریکا کے ساتھ مستحکم تعلقات کا خواہشمند ہے تاکہ وہ اپنی معیشت پر توجہ مرکوز رکھ سکے جو کووڈ-19 کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حالیہ مہینوں میں چینی رہنما شی جن پنگ نے عالمی رہنماؤں سے ملاقات کر کے تعلقات بحال اور اختلافات کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں