پنجاب میں سب سے بڑی مفت آ ٹا اسکیم ختم کر دی گئی

پنجاب میں 53 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج پر مشتمل سب سے بڑی مفت آ ٹا اسکیم ختم کر دی گئی ہے ،اسکیم کے تحت 10 کلو آٹے کے مجموعی طورپر 4 کروڑ سے زائد تھیلے مستحقین میں مفت تقسیم کیے گئے۔ ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق مفت آٹا اسکیم کے آخری روز صوبے میں 27 لاکھ 49 ہزار 580 آٹے کے تھیلے تقسیم کیےگئے۔اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 4 کروڑ 11 لاکھ 10 ہزار 461 تھیلے تقسیم کیےگئے ، مفت آٹا اسکیم سے 3 کروڑ 10 لاکھ خاندان مستفید ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اسکیم کامیابی سے ہمکنار کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو مبار کباد پیش کی ہے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں پہلی بار ریکارڈ تعداد میں مستحق لوگوں کو مفت آٹا فراہم کیا گیا۔
واضح رہے کہ مفت آٹے کے حصول میں کئی افراد بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، گزشتہ روز مظفرگڑھ میں آٹے کے حصول کے بعد گھر جانے والی ایک اور خاتون دم توڑ گئی۔ضلع مظفرگڑھ اور کوٹ ادو میں آٹا پوائنٹس پر 3 خواتین سمیت 4 افراد دم توڑ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں