قرآن پاک کی بےحرمتی کا ردعمل:سویڈن نیٹومیں شمولیت کیلئےترکیہ حمایت سےمحروم

قرآن پاک کی بے حرمتی کے ردعمل میں ترکیہ نے اعلان کیا ہےکہ وہ سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت نہیں کرے گا- ایک بیان میں ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے مذہبی عقائد کا احترام نہ کرنے پر سوئیڈن کو نیٹو میں شامل ہونے کے لیے ہماری سپورٹ نہیں ملےگی، اسٹاک ہوم میں قرآن کریم کی بے حرمتی ایک گھٹیا ذہن کا گھناؤنا حملہ ہے۔ ترک صدرکا کہنا تھا کہ سویڈن اپنا تحفظ انہی اسلام دشمن عناصراور دہشت گردوں سے کرائے، ہمارے لیے مذہب اسلام، اس کی تعلیمات اور قرآن کریم سے بڑھ کرکچھ نہیں ہے۔گزشتہ دنوں سویڈن کی انتہائی دائیں بازو کی شدت پسند جماعت کے رہنما راسموس پلودن نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہفتے کو اسٹاک ہوم میں ترک سفارت خانے کے باہر احتجاج کرے گا اور اس دوران وہ قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ خیال رہے کہ سویڈن اور ترکیہ کے درمیان نیٹو کی رکنیت پر کشیدگی چل رہی ہے، سویڈن نیٹو میں شمولیت کا خواہاں ہے لیکن ترکیہ اس کی مخالفت کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں