ایلون مسک کا ٹوئٹر کی سربراہی چھوڑنے سےانکار

ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سربراہی چھوڑنے کے حوالے سے عوام سے ایک ٹوئٹر پول کے ذریعے رائے طلب کی تھی۔اس پول میں 57.5 فیصد افراد نے ایلون مسک کو ٹوئٹر کے سی ای او کا عہدہ چھوڑنے کا کہا تھا۔19 دسمبر کی سہ پہر کو ختم ہونے والے پول کے بعد ایلون مسک کی جانب سے کئی گھنٹوں تک خاموشی اختیار کی گئی اور پھر ایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔مگر اپنے اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرنے کی بجائے ایک صارف کے میسج پر انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا جس نے کہا تھا کہ پالیسی سے متعلق پولز پر صرف ماہانہ فیس ادا کرنے والے ٹوئٹر بلیو کے صارفین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ایلون مسک نے اس صارف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھا نکتہ ہے اور ٹوئٹر میں یہ تبدیلی کی جائے گی۔یعنی انہوں نے بظاہر سی ای او کے عہدے سے ہٹانے والے پول کے نتائج کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔ایک اور صارف کے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ پول کے نتائج میں جعلی اکاؤنٹس نے کردار ادا کیا ہوگا جس پر ایلون مسک نے اپنے جواب میں صرف انٹرسٹنگ لکھا۔ گزشتہ چند دن کے دوران کیے جانے والے فیصلوں نے ایلون مسک کے حامیوں کو بھی الجھن میں ڈال دیا ہے۔ ایلون مسک پہلے بھی ٹوئٹر کے سی ای او کا عہدہ چھوڑنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔16 نومبر کو ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ آنے والے وقت میں ٹوئٹر کو چلانے کے لیے کسی اور فرد کی خدمات حاصل کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں