ہمایوں سعید برٹش ویب سیریز’دی کراؤن‘کےٹریلر میں نظر آئیں گے

معروف اداکار ہمایوں سعید کی آنے والی نیٹ فلیکس کی برٹش ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کےٹریلر میں ان کے کردار کی پہلی جھلک سامنے آگئی۔ ہمایوں سعید ویب سیریز میں پاکستانی نژاد برطانوی ماہر امراض قلب ڈاکٹر حسنات کے کردار میں دکھائی دیں گے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر حسنات نے 2004 میں لندن پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں تسلیم کیا تھا کہ وہ 1995 سے 1997 تک لیڈی ڈیانا کے ساتھ رومانوی تعلقات میں رہے تھے، جس کے بعد ڈیانا نے ان سے تعلقات ختم کرلیے تھے۔ڈاکٹر حسنات نے بتایا تھا کہ ان سے تعلقات ختم کرنے کے بعد لیڈی ڈیانا نے مصری نژاد فلم ساز دودی الفید سے تعلقات استوار کرلیے تھے، جن کے ساتھ وہ 1997 میں پیرس کے روڈ حادثے میں چل بسی تھیں۔ اپنے کردار کے حوالے سے ہمایوں سعید نے ’ورائٹی‘ کو بتایا کہ انہوں نے پہلی بار حقیقی زندگی کا کردار ادا کیا ہے جو کہ ایک انتہائی سادہ کردار ہےہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر حسنات کی شخصیت کے طور پر ویب سیریز میں بے ضرر نظر آئیں گے اور ان کی سادہ اور دوسروں کا خیال رکھنے کی طبیعت کی وجہ سے ہی لیڈی ڈیانا ان کی جانب راغب ہوں گی۔انہوں نے ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مداحوں کو ان کا کردار پسند آئے گا۔پانچویں سیزن میں شہزادہ چارلس کا کردار ڈومنک ویسٹ ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ ان کی دوسری اہلیہ کمیلا پارکر کا کردار اولیویا ولیمز ادا کریں گی۔پانچویں سیزن مین امیلڈا اسٹانٹون ملکہ برطانیہ کے روپ میں دکھائی دیں گی، اس سیزن میں دو سے زائد برطانوی وزرائے اعظم کے کردار بھی دکھائے جائیں گے جب کہ دیگر متعدد شاہی محل کی شخصیات بھی دکھائی جائیں گی۔اسی سیزن میں ممکنہ طور پر لیڈی ڈیانا کے انتقال کو بھی دکھایا جائے گا جب کہ ان کے بچوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی جوانی بھی دکھائی جائے گی۔ویب سیریز کے پاانچویں سیزن کو آئندہ ماہ 9 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا، ’دی کراؤن‘ برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی سیریز ہے، جس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں