ہارون رشید پی سی بی کی انتظامی کمیٹی میں شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کے 3 ارکان شاہد آفریدی، ثنا میر اور عارف سعید نے اجلاسوں میں شرکت کے لیے وقت کی کمی کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد چیف سلیکٹر ہارون رشید کو دوبارہ انتظامی کمیٹی میں شامل کر لیا گیا۔ انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ شاہد آفریدی نے دسمبر میں لاہور میں ہونے والے انتظامی کمیٹی کے پہلے اجلاس کے دوران ان اجلاسوں کے لیے اپنی عدم دستیابی کا اظہار کیا تھا، بعدازاں ثنا میر اور عارف سعید نے بھی یہی عذر پیش کیا تھا۔ نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ہارون رشید 14 رکنی انتظامی کمیٹی کے رکن تھے لیکن آفریدی کی جگہ سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر ہونے کے بعد مستعفی ہوگئے تھے، اب انہیں واپس انتظامی کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے، لہٰذا ہارون رشید (بطور رکن انتظامی کمیٹی اور چیف سلیکٹر) دونوں عہدوں پر خدمات سرانجام دیتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی اور ثنا میر کے استعفے کے بعد فی الحال انتظامی کمیٹی کے 2 عہدے خالی ہیں جبکہ ملک ذوالفقار [سیالکوٹ ریجن کے سابق صدر] کو انتظامی کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے 2014 کے پی سی بی کے آئین کو بحال کردیا گیا ہے جس کے تحت علاقائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے 4 اور ڈپارٹمنٹس کے 4 نمائندوں کو پی سی بی بورڈ آف گورنر مقرر کیا جائے گا جو پی سی بی کے اگلے چیئرمین کا انتخاب کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں