گال ٹیسٹ: سری لنکا پہلی اننگز میں222 رنز پرآؤٹ

سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 222رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔میچ کے تیسرے ہی اوور میں سری لنکا کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور شاہین شاہ آفریدی نے کپتان دمتھ کرنارتنے کی وکٹیں بکھیر دیں۔ اس کے بعد اوشادا فرنینڈو کا ساتھ دینے کوشل مینڈس آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک شکل اختیار کرتی، ایک عرصے کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے یاسر شاہ نے کوشل مینڈس کو چلتا کردیا۔ ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں حسن علی نے اوشادا فرنینڈو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ سابق کپتان اینجلو میتھیوز وکٹ پر آنے کے بعد مستقل جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر 15ویں گیند پر کھاتا کھولے بغیر ہی یاسر کی دوسری وکٹ بن گئے۔ کھانے کے بد دھننجیا ڈی سلوا اور دنیش چندیمل نے مل کر اسکور کو 99 تک پہنچا دیا لیکن سنچری مکمل ہونے سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے دھننجیا کی 14رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔ نروشن ڈکویلا نے شاہین کو وکٹ پر آتے ہی چوکا لگایا لیکن نوجوان پاکستانی فاسٹ باؤلر نے اگلے اوور میں آغا سلمان کی مدد سے ان کا کام تمام کردیا۔ 103 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد لگتا تھا کہ شاید سری لنکن ٹیم جلد پویلین لوٹ جائے گی لیکن گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے تجربہ کار دنیش چندیمل پاکستان کی راہ میں حائل ہو گئے اور ٹیل اینڈرز کی مدد سے قیمتی رنز جڑے۔ انہوں نے پہلے رمیش مینڈس کے ساتھ 27 رنز کی شراکت قائم کی لیکن جلد ہی رمیش کے ساتھ ساتھ پرباتھ جے سوریا بھی چلتے بنے۔ نویں وکٹ کے لیے چندیمل کا ساتھ دینے میہیش تھکشانا آئے اور دونوں نے 44 رنز جوڑے، چندیمل نے 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی دسویں وکٹ کا حصول بھی پاکستان کے لیے محال بن گی اور آخری جوڑی نے بھی 45 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو معقول مجمعے تک رسائی دلائی۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 222رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، مہیش تھکشانا نے 38رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل پاکستان نے میچ کے لیے ایک دن قبل ہی فائنل الیون کا اعلان کردیا تھا اور حیران کن طور پر فواد عالم کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا جبکہ آغا سلمان کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا گیا ہے۔میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابر اعظم(کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، یاسر شاہ، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں