کون جانتا تھاکہ ثاقب نثار کےصادق وامین کاچہرہ اتنابھیانک نکلےگا،مریم نواز

مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے نام پر پاکستان کو دھوکا دینے والے عمران خان کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ چکا ہے۔کون جانتا تھا کہ ثاقب نثار کے صادق و امین کا چہرہ اتنا بھیانک نکلے گا۔ ایک بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ دوسروں پر چور چور کے الزام لگانے والے کی جب اپنی تلاشی لی گئی تو اس کا بال بال چوری میں ڈوبا نکلا، پے در پے انکشافات، لیکس اور ثبوتوں کے انبار عمران خان سمیت پوری پی ٹی آئی کو فارغ کرنے کے لیے کافی ہیں۔مریم نے کہا کہ اس بھیانک چہرے پر پردہ ڈالے رکھنے پر الیکشن کمیشن کے سابق عہدے دار بھی جواب دہ ہیں۔خیال رہے کہ آج فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی نے اپنے رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے، الیکشن کمیشن میں عطیات سے متعلق غلط معلومات فراہم کیں۔ رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے بینک اسٹیٹمنٹ سے ظاہر ہے کہ پی ٹی آئی کو ایک ارب 64 کروڑ روپے کے عطیات موصول ہوئے، پی ٹی آئی نے 31 کروڑ روپے سے زائد رقم الیکشن کمیشن میں ظاہر نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں