کوئٹہ ائیرپورٹ پرنامعلوم افرا د نےکسٹم انٹیلی جنس دفترکوآگ لگا دی،تمام ریکارڈ جل کرخاکستر

کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر قائم کسٹمس انٹیلی جنس آفس میں اچانک آگ لگ گئی ۔ آگ کے نتیجہ میں تمام ریکارڈ جل کر خاکستر ہو گیا۔پولیس کے مطابق آگ لگنے سے دفتر میں تمام اشیا بشمول ریکارڈ اور فائلیں جل کر خاک ہو گئیں۔حادثے کے وقت دفتر میں تعینات سیکیورٹی اہلکار ثنااللہ نے کہا کہ تین مسلح افراد دفتر میں داخل ہوئے اور دھماکا ہونے اور آگ لگنے سے قبل ملازمین کو یرغمال بنا کر رکھا۔سیکیورٹی اہلکار نے مزید کہا کہ انہوں نے ملازمین کے ہاتھ باندھ کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور جیسے ہی وہ آفس سے نکلے تو دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دفتر میں آگ لگ گئی-ایس ایس پی (آپریشنز) عبدالحق عمرانی نے جائے حادثہ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر قائم کسٹمس انٹیلی جنس آفس میں آگ لگی ہے جو مبینہ طور پر ایک دھماکے کے بعد لگی ہے۔ تاہم ایس ایس پی نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آگ دھماکے کے بعد لگی انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ تاحال دھماکے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام آگ لگنے کا سبب تلاش کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے متعلق سیکیورٹی اہلکار سے پوچھ گچھ کی جائے گی اور واقعہ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد فائر فائٹر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پا لیا اور زخمی ہونے والے شخص کو کوئٹہ سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں