کراچی کےمختلف علاقوں میں بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں قدرے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے- شہر صبح سے ہی بادلوں اور تیز ہواؤں کی لیپٹ میں تھا جبکہ دن میں کراچی کے علاقوں گڈاپ، بحریہ ٹاؤن، سپر ہائی وے، گلشن معمار، اسکیم 33، پی ای سی ایچ ایس، ناظم آباد، سائٹ ایریا، صدر اور آئی آئی چندریگر روڈ پر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو کہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ایڈوائزری میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کل کے روز بھی شہر میں مطلع ابر آلود رہے گا اور کل بھی شہر میں ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ ہفتے کے روز سے شہر میں مطلع صاف ہوجائے گا اس دوران رات کے وقت نسبتاً زیادہ ٹھنڈ اور صبح کے وقت دھند متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے موجودہ سسٹم کے زیر اثر کل تک کراچی، حیدر آباد، شہید بےنظیر آباد، جیکب آباد، سانگھڑ، بدین، ٹھٹہ، میر پور خاص، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، عمر کوٹ اور تھر پارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں تیز بارش بھی متوقع ہے۔اسی طرح ضلع دادو، جامشورو، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ میں بھی تیز بارشیں متوقع ہیں۔ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے نتیجے میں دو افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔موچکو پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او چوہدری شاہد کا کہنا تھا کہ بدھ کی صبح تیز بارش سے مواچھ گوٹھ میں ایک گھر کی چھت گرنے سے 42 سالہ عبدالستار جاں بحق ہوا اور 12 سالہ رستم زخمی ہوگیا، دونوں کو رتھ فاؤ سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایک دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی میں فیکٹری ملازم کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 30 سالہ عدنان رزاق ایک ریسٹورنٹ میں کھانے کی چیزیں لینے کے لیے کھڑا ہوا جہاں اس نے ریسٹورنٹ کے ایک شیڈ پر ہاتھ رکھا جس میں کرنٹ تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں