کراچی سےلاپتہ ہونےوالی14 سالہ لڑکی دعا زہرہ مل گئی،لاہور میں نکاح کرلیا

کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاہور سے مل گئی ہے۔ دعا زہرہ کا لاہور سے ایک ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں اس نے بتایا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے کراچی سے لاہور آئی تھی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کچھ دیر بعد دعا زہرہ ایک ویڈیو بیان میں ساری تفصیلات بتائے گی کہ وہ کس طرح کراچی سے لاہور پہنچی۔لاہور پولیس نے دعا زہرہ کو حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے لاہور اور کراچی کی پولیس رابطے میں ہیں۔لاہور پولیس نے کراچی پولیس کو لڑکی کی بازیابی کی اطلاع دی جبکہ کراچی پولیس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ لاہور سے ملنے والی لڑکی دعا زہرہ ہی ہے۔ دوسری جانب دعا زہرہ کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی بازیابی سے متعلق پولیس نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا۔ پولیس حکام کا بتانا ہے کہ دعا زہرہ نے لاہور میں نکاح کر لیا ہے، دعا نے جس لڑکے سے نکاح کیا ہے اس کا تعلق بھی لاہور سے ہی ہے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دعا زہرہ کا نکاح نامہ حاصل کر لیا گیا ہے، نکاح نامے کی تصدیق کرائی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نےدعاکےٹیب کی سرچ ہسٹری حاصل کی ہے، تفتیش کی جا رہی ہے دعاخودگئی یا زبردستی نکاح کرایاگیا۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی دعا زہرہ کے لاہور سے ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پولیس لاپتہ ہونے والی تینوں بچیوں کے کیسز دیکھ رہی ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر شہلا رضا کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے ابھی تک دعا زہرہ کے ملنے کی تصدیق نہیں کی ہے، دعا زہرہ کے ملنے کی تصدیق کے بعد ہی معاملے کی تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔ دعا زہرہ کے ملنے کی خبروں میں صداقت نہیں: ڈی آئی جی آپریشنز ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کو کراچی پولیس نے لڑکی کا نکاح نامہ فراہم کیا، پولیس نکاح نامے پر ایڈریس سے لڑکی کو تلاش کر رہی ہے۔ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ دعا زہرہ کے پولیس کو ملنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، دعا زہرہ کی بازیابی کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ڈی آئی جی آپریشن کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کراچی پولیس سے مسلسل رابطے میں ہے، ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، لڑکی کو جلد تلا ش کر لیں گے۔یاد رہے کہ 10 روز قبل کراچی کے علاقے گولڈن ٹاؤن سے 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاپتہ ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے تھے تاہم پولیس اب تک دعا زہرہ کو تلاش کرنے میں ناکام رہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں