کراچی:اومی کرون کیسز میں اضافہ،اسکولز بند کرنےپرغور

کراچی میں اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے کاروباری اوقات محدود کرنے اور مختلف اضلاع میں اسکولز بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسکولوں اور کاروبار بند کرنے کے حوالے سے دو سے تین روز میں فیصلہ کیا جائے گا۔ جب کہ کراچی میں ايک دن ميں تين سو اکتيس کيسز سامنے آئے ہیں، جس میں سے 10 کیسز اومی کرون ویرینٹ کے ہیں۔قبل ازیں ‏محکمہ تعلیم سندھ نے نیا تعلیمی سال یکم اپریل 2022 سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق جماعت اول سے ہشتم کے سالانہ امتحانات 10 سے 20 مارچ تک، جب کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات 10 مئی سے شروع ہوں گے۔دوسری جانب ایف اے اور ایف ایس سی کے امتحانات 18 جون سے شروع ہوں گے۔ رواں سال شارٹ سلیبس کی بجائے مکمل سلیبس میں سے امتحان لیا جائے گا۔واضح رہے کہ کراچی میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.91 تک پہنچ گئی ہے۔ کراچی میں گزشتہ روز پیر 3 جنوری کو 2650 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 236 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کراچی میں ویکسینیشن کی شرح ملک میں سب سے کم ہے۔صوبہ سندھ میں پہلی اور دوسری ڈوز ملا کر مجموعی طور پر 2 کروڑ 90 لاکھ افراد ویکسین لگواچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں