ڈیرہ بگٹی میں ہیضےکی وبا،گزشتہ24 گھنٹوں میں500 سے زائدافرادمتاثر

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے گاؤں پیر کوہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 500 سے زائد نئے مریض ہیضے کی وبا کا شکار ہوگئے ہیں۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں ہیضے کی وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومتی کوششیں جاری ہیں۔ طبی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد این جی اوز، محکمہ صحت کے حکام اور ڈاکٹروں کی مختلف ٹیمیں مصروف عمل ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے کی طرف سے مہیا کردہ امدادی سامان ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے وبا سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور کور کمانڈر نے آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ کے ہمراہ علاقے میں جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔جنرل سرفراز علی نے بیماری سے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ کور کمانڈر نے سول اور ایف سی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور علاج و معالجے کی سہولیات کو زیادہ سے زیادہ بہتر کیا جائے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں