چین کے 90 کروڑ افراد کورونا سے متاثر

بیجنگ کی پیکنگ یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ 11 جنوری 2023 تک چین کے 90 کروڑ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے تھے۔چین کی 64 فیصد آبادی کے کورونا سے متاثر ہونے کا انکشاف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ کچھ دن قبل ہی یہ بات سامنے آئی کہ وہاں کورونا سے متاثر ہوکر 60 ہزار افراد ہلاک ہوچکے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین کے متعدد صوبے ایسے ہیں، جہاں کی 80 فیصد سے زیادہ اور بض صوبوں کی 90 فیصد سے زیادہ آبادی کورونا سے متاثر ہو ئی۔ چین کے صوبے صوبے گانسو کی 91 فیصد، ہنان کی 84 فیصد جب کہ چنگھائی کی 80 فیصد آبادی کورونا سے متاثر ہوئی۔ مذکورہ ڈیٹا سامنے آنے کے بعد چین کے ماہرین وبائی امراض نے خبردار کیا ہے کہ اب دیہی علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ماہرین وبائی امراض اور حکومتی عہدیداروں کے مطابق چینی سال کے موقع پر لوگوں کی بہت بڑی تعداد میں ایک سے دوسری جگہ سفر کرنے کی وجہ سے کورونا بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے۔چینی سال رواں ماہ 23 جنوری کو منایا جائے گا اور اس کے لیے کروڑوں چینی شہری شہروں سے اپنے آبائی دیہاتوں کی جانب سفر کریں گے۔مذکورہ رپورٹ سے قبل گزشتہ ہفتے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ چین میں کورونا سے 60 ہزار اموات ہوچکیں اور ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد معمر تھے۔چین کی نیشنل ہیلتھ کمیشن کے عہدیدار نے بتایا تھا کہ 8 دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 تک کورونا سے متاثر ہونے والے تقریبا 60 ہزار لوگ ہلاک ہوئے۔عہدیدار نے وضاحت کی تھی کہ 5 ہزار 5 افراد سانس میں تکلیف کی وجہ سے ہلاک ہوئے، انہیں کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔ عہدیدار کے مطابق باقی 54 ہزار سے زائد افراد مختلف بیماریوں جیسا کہ کینسر، عارضہ قلب، گردوں اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سمیت کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد چل بسے۔ حکام نے بتایا تھا کہ کورونا سے متاثر ہوکر ہلاک ہونے والے مختلف بیماریوں میں مبتلا زیادہ تر افراد کی عمریں 80 سال یا اس سے زائد تھیں جب کہ دوسرے نمبر پر 65 سال یا اس سے زائد کی عمر کے لوگ تھے۔ اس سے قبل رواں ماہ 10 جنوری کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آبادی کے لحاظ سے ملک کے تیسرے بڑے صوبے ہنان کی 90 فیصد آبادی کورونا سے متاثر ہوچکی۔ چینی صوبے ہنان کے عہدیدار نے بتایا تھا کہ صوبے کے 8 کروڑ 85 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چین میں نومبر 2022 کے اختتام اور دسمبر کے آغاز سے کورونا کی نئی قسمیں بی ایف 7 اور ایکس بی بی 5۔1 پھیلنے کی رپورٹس سامنے آئیں اور ماہرین نے خدشہ کیا کہ وہاں ایک ماہ کے دوران 25 کروڑ افراد کورونا سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ کورونا میں نئی لہر پھیلنے کے پیش نظر متعدد ممالک نے چین سے آنے والے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کرنے سمیت مختلف طرح کی پابندیاں بھی عائد کی تھیں

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں