پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی مت کریں ورنہ لائسنس منسوخ کردیںگے،مصدق ملک

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں ہے، ہمارے پاس 20 روز کے پیٹرول اور 29 روز کے ڈیزل کا اسٹاک موجود ہے۔ یہ بات وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہی – مصدق ملک کا کہنا تھا ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے ہے، پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ لوگ اس طرح کے اقدامات کر کے عوام میں اپنی عزت گھٹا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ آج ہی رک جائیں ورنہ سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے، جو بھی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہوا اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا، ریاست قدم اٹھائے گی تو پھر آپ لوگ بیٹھ کر پریس کانفرنسیں کر رہے ہوں گے۔ملک میں چند روز قبل آنے والے بجلی بریک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا بجلی بریک ڈاؤن کی وجوہات پرکام مکمل کر لیا ہے، دو دن میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دوں گا۔ مصدق ملک کا کہنا تھا روس سے تیل خریداری کے معاملات مارچ کے آخر تک طے ہو جائیں گے اور امید ہے کہ اپریل سے ملک میں روس سے تیل آنا شروع ہو جائے گا۔یاد رہے چند روز سے پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبریں زیر گردش ہیں اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہم محدود کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں