پیٹرول اورڈیزل کی قیمت بڑھا کرپاکستان کودیوالیہ ہونےسے بچایا،مفتاح اسماعیل

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھا کر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ یہ بات وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے بجٹ میں کوئی ٹیکس نہیں بڑھایا، ہم نے غریب افراد پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا، شوگر ملز پر ٹیکس بڑھایا ہے، امیروں پر ٹیکس لگارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سےمعاہدے میں پیشرفت ہوئی ہے جب کہ چین سے بھی پیر تک پیسے آجائیں گے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عمران حکومت پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر چھوڑ کر گئی، ہمیں 200 ارب کا خسارہ ملا، ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھاکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، عمران خان بتائیں کہ وہ پاکستان کو سری لنکا کیوں بنانے جارہے تھے؟ ہم ساری ساری رات بیٹھ کر آئی ایم ایف سے بات کرتے ہیں اسی وجہ سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پہلے دن سے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانا لازمی ہے، یہ فیصلے وزیراعظم کے لیے بہت مشکل تھے، ہم ایک ایک چیز کی قیمت کے ذمے دار ہیں چاہے ہماری غلطی ہو یا نہ ہو، ہماری ذمہ داری ہےکہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچائیں، آج اللہ کی مہربانی سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ مارکیٹ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے لیکن آج اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہونے جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں