پاکستانی آل راؤنڈرمحمد حفیظبین الاقوامی کرکٹ سےباقاعدہ طورپرریٹائرہوگئے

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بین الا اقوامی کرکٹ سے باقاعدہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ 18 سال پہلے خوب صورت سفر شروع کیا، آج ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کر رہا ہوں لیکن جب تک فٹ ہوں اور پرفارم کرتا رہا لیگ کھیلتا رہوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور نوجوان کرکٹرز کو بھی یہی کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے لیے جب بھی کھیلیں فخر کے ساتھ کھیلیں اور اسے ایک اعزاز سمجھیں۔ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے قومی کرکٹر کا کہنا تھا میری خواہش تھی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ وننگ ٹیم کا حصہ ہوتا، محنت اور کوشش کی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا جس کا دکھ ہے۔17 اکتو بر 1980 کو سرگودھا میں آنکھ کھولنے والے محمد حفیظ نے 3 اپریل 2003 کو شارجہ میں زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا، اسی سال اگست میں انھوں نے نینشنل اسٹیڈیم کر اچی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 28 اگست 2006 کو برسٹل میں انگلینڈ کے خلاف انضمام الحق کی قیادت میں جب پاکستان نے اپنا پہلا بین الااقومی ٹی 20 کھیلا تو محمد حفیظ اس ٹیم میں بھی شامل تھے۔محمد حفیظ نے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیے، آل راؤنڈر نے ایک ٹیسٹ 2 ون ڈے اور 29 ٹی 20 انٹرنیشنلز میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیے۔محمد حفیظ کا شمار پاکستان کے ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہےجو اپنے سخت مؤقف کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، بالخصوص میچ فکسنگ اور ڈسپلن کے حوالے سے محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ میں ایک نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔پاکستان کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جا نے والے محمد حفیظ نے اب 18 سال بین الااقوامی کرکٹ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے، البتہ آل راؤنڈر دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیلتے ضرور دکھائی دیں گے۔محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے 392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سنچریوں 64 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے، ایک مستند فیلڈر مانے جانے والے محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کے ساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں