ٹانگوں سےمحروم نوجوان نےہاتھوں پرتیزترین دوڑ کا ریکارڈ قائم کردیا

ٹانگوں سے محروم امریکی زیون کلارک نے 20 میٹر کا فاصلہ اپنے ہاتھوں کے بل پر صرف 4.78 سیکنڈ میں طے کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیاہے۔اس سال 15 فروری کے روز میسیلون، اوہایو میں قائم کیے گئے ریکارڈ کو اب گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی تسلیم کرلیا ہے اور اسے اپنی آئندہ سالانہ کتاب ’’گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ 2022‘‘ کتاب کا حصہ بنا لیا ہے۔24 سالہ زیون کلارک پیدائشی طور پر ٹانگوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انہیں جنم دینے والی خاتون نے بھی پالنے سے انکار کردیا تھا اور اسپتال میں چھوڑ دیا تھا۔
وہ 16 سال کی عمر تک ایک سے دوسرے اور دوسرے سے تیسرے گھر میں لے پالک بچے کے طور پر پلتے رہے اور ہر طرح کی دشواری، حقارت اور پریشانی کا سامنا بھی کرتے رہے۔زیون کا کہنا ہے کہ ٹانگوں سے محرومی ان کےلیے زندگی کا سب سے بڑا چیلنج تھی جسے پورا کرنے کےلیے انہوں نے ہر وہ کام کیا جو ٹانگوں والا ایک نارمل انسان کرسکتا ہے۔انہوں نے اداکاری کی، باڈی بلڈنگ کی، ریسلنگ میں مہارت حاصل کی اور دنیا کو دکھا دیا کہ ان میں وہ سب کچھ کرنے کی قابلیت ہے جو ایک نارمل انسان کرسکتا ہے۔دوسروں کو حوصلہ دینے کےلیے انہوں نے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ کے علاوہ ذاتی ویب سائٹ بھی بنائی ہوئی ہے۔ زیون کی زندگی پر نیٹ فلکس نے ایک مختصر ڈاکیومینٹری بھی بنائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں