منہ نہ کھلوائیں،عمران خان کےالزامات پرعلیم خان پھٹ پڑے، مناظرےکاچیلنج دے ڈالا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) علیم خان گروپ کے سربراہ علیم خان نے سابق وزیرِ اعظم کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے خود پر الزامات لگانے کے حوالے سے علیم خان پھٹ پڑے، اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ عمران خان میرے اور جہانگیر ترین کے ساتھ ٹی وی پر مناظرہ کر لیں۔ عمران خان سے مخاطب ہو کر انہوں نے کہا ہے کہ آپ کے پاس جو کچھ ہے بتا دیں ہم بھی حقائق بتائیں گے، عزت سے میرا نام لیں، میں بھی آپ کا نام عزت سے لوں گا۔ علیم خان نے کہا کہ عمران خان کا انٹرویو دیکھا ہے، انہوں نے الزام لگایا ہے کہ علیم خان 300 ایکڑ زمین لیگلائز کروانا چاہتا تھا، 2010ء سے 2018ء تک اپوزیشن میں عمران خان کے ساتھ کھڑا رہا، یہ سوسائٹی 2010ء میں بھی میرے پاس تھی، 2010ء سے آج تک یہ سوسائٹی میرے پاس موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان میرے والد کی وفات پر اس سوسائٹی میں آئے تھے، کیا 10 سال پہلے مجھے پتہ چل گیا تھا کہ عمران خان 2018ء میں وزیرِ اعظم ہوں گے، میرے پاس 300 ایکٹر نہیں 3 ہزار ایکڑ زمین ہے، میں نے زمین ایکوائر نہیں کروائی بلکہ پرائیویٹ زمینداروں سے خریدی ہے۔علیم خان نے بتایا کہ یہ زمین اب روڈا کے پاس ہے، یہ اتھارٹی عمران خان نے بنائی، یہ زمینیں روڈا نے سرکاری قیمت پر خرید کر پرائیویٹ ڈیولپرز کو کیسے دیں؟ اب تفتیش ہونی چاہیے کہ یہ زمینیں کن ڈیولپرز کو دی گئیں، سرکاری ریٹ پر خرید کر زمینیں من پسند پرائیویٹ ڈیولپرز کو دی گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین کے رشتے دار بھی کیا ان ڈیولپرز میں شامل ہیں؟ سرکاری ریٹ پر زمین ایکوائر کر کے پلازے بنائے گئے، اگر روڈا کے تحت آپ کا گالف کورس بن سکتا ہے تو علیم خان کی سوسائٹی کیوں نہیں بن سکتی، اگر روڈا پروجیکٹ براؤن ہے تو وہیں میری زمین کیسی گرین ہو گی؟ علیم خان نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں کیا میں اس لیے کھڑا تھا کہ 3 سو ایکٹر کا اسٹیٹس تبدیل کروانا تھا؟ اگر میرے بارے میں غلط الزام لگائیں گے تو چپ میں بھی نہیں رہوں گا، اگر آپ منہ کھلوانا چاہتے ہیں تو کسی چینل پر میں آپ اور جہانگیر ترین بیٹھیں پھر سب سچ بولیں، عوام کو پتہ چلے کہ علیم خان، جہانگیر ترین اور عمران خان کا اصل چہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سن لیں میرے پاس اس وقت 10 ہزار ایکٹر سے زائد زمین ہے، آپ نے 300 ایکٹر پر الزام لگا دیا، میری محنت اور کوشش کا یہ مول لگایا، لوگوں کے سامنے سچ بولیں اور بتائیں، میں امریکی اور یورپین سفیر کو عمران خان کے گھر ملا تھا، برطانوی سفیر کو اگر آپ حکومت میں آنے سے پہلے مل سکتے ہیں تو حکومت میں کیوں نہیں، آپ ملیں تو محبِ وطن، کوئی اور ملے تو غدار ہے۔پی ٹی آئی علیم خان گروپ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ اپنے وزراء کو دیکھیں کون سفیروں کو ملتا رہا، یہ کیا اسٹینڈرڈ ہے کہ جو آپ کے علاوہ ملا وہ غدار ہے، جو ڈیولپر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں یہ آپ کے ہیلی کاپٹر کے اترنے کے لیے جگہ نہیں دیتے تھے، ہم مصلحت کے تحت خاموش ہیں، آپ سیاست کریں، لوگوں کو ورغلائیں، جھوٹ بولیں لیکن میں سچ بولوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں