فہد مصطفیٰ کے گیم شو پر پابندی کا مطالبہ

سوشل میڈیا صارفین فہد مصطفیٰ کو دوسرا عامر لیاقت قرار دے کر ان کے گیم شو پر پابندی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ فہد مصطفیٰ کا رمضان کے دوران نجی چینل پر چلنے والا گیم شو مختلف تنازعات کے باعث اپنی پہلی قسط سے ہی سوشل میڈیا پر ٹرینڈنگ میں ہے۔ پہلے تو شو میں شائستہ لودھی گر پڑیں، پھر اداکارہ ثنا جاوید کے منہ پر وزنی بیگ گر پڑا۔ اور اب تو شو کے دوران کچھ ایسا ہوا ہے جسے دیکھ کر لوگ اتنے غصہ ہوگئے کہ شو پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔ دراصل لائیو شو کے دوران اداکار اعجاز اسلم کے کپڑے پھٹ گئے لیکن فہد مصطفیٰ نے اس بات کو چھپانے کے بجائے لائیو سب کے سامنے مزے لے لے کر بتایا اور شو میں شامل دیگر شرکا ہنس پڑے، جس پر سوشل میڈیا صارفین برہم ہوگئے اور فہد مصطفیٰ کا موازنہ عامر لیاقت سے کرنے لگے۔ سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ فہد مصطفیٰ، عامر لیاقت کے رستے پر چل رہے ہیں، کیونکہ ان کے شو کا کانٹینٹ (مواد) بالکل عامر لیاقت کے گیم شو جیسا ہی ہے جس میں وہ لوگوں سے مضحکہ خیز اور مزاحیہ انداز میں بات چیت کرتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں