فٹ بال ورلڈ کپ قطر کے12 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت

قطر میں شیڈول فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے 12 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت ہوگئے۔ فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی فروخت کے تازہ ترین مرحلے میں اب تک اپریل آخر میں 2 کروڑ 35 لاکھ ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔فیفا کے مطابق یہ درخواستیں ارجنٹینا، برازیل، انگلینڈ، فرانس، میکسیکو، قطر، سعودی عرب اور امریکا سے موصول ہوئیں۔ قطر کی ڈیلیوری اینڈ لیگیسی کے لیے سپریم کمیٹی کے سیکریٹری جنرل حسن الذوادی کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں 12 لاکھ ٹکٹس پہلے ہی خرید لی گئی ہیں، لوگ ٹکٹ خرید رہے ہیں اور یہاں آنے کے لیے پرجوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نومبر سے دسمبر کے درمیان شیڈول 28 روزہ ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی طور پر 20 لاکھ ٹکٹس دستیاب ہوں گی۔ حسن الذوادی کا کہنا تھا کہ سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے ہم مختلف کیٹگریز میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، قابل رسائی کیٹگری میں فائیو اسٹارز ہوٹلز جیسی سہولیات پر ایک رات کے 80 ڈالر سے 100 ڈالر رینج ہے۔ رپورٹ کے مطابق قطری حکومت نے فٹ بال کے شائقین کے لیے ہوٹلوں کے علاوہ ولاز اور اپارٹمنٹس میں 65 ہزار کمروں کا انتظام کیا ہے اور دوہا پورٹ میں 4 ہزار کمرے دو بحری جہازوں میں مختص کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ رواں برس نومبر میں شروع ہوگا اور 21 نومبر کو پہلا میچ میزبان قطر ارو ایکواڈور کے سرمیان البیت اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت کرنے والی 32 ٹیموں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ میں شامل تمام 4 ٹیمیں آپس میں ایک،ایک میچ کھیلیں گی، 9 دسمبر کو کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز ہوگا جبکہ 13 اور 14 دسمبر کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے۔ ورلڈ کپ کا فائنل 18 دسمبر کو لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں