عمرعطا بندیال باضابطہ طورپرملک کےاگلےچیف جسٹس مقرر

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر بندیال کو ملک کے چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات کردیا۔ جسٹس عمر بندیال یکم فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کے عہدے سے رخصت ہونے کے بعد 2 فروری 2022 کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، ان کا تقرر 21 دسمبر 2019 کو عدالت عظمیٰ میں کیا گیا تھا۔آئین کے آرٹیکل 177 کے مطابق آرٹیکل 175 (3) میں دیئے گئے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال کو چیف کے عہدے پر تعینات کیا۔وزارت قانون و انصاف کی جانب سے 17 جنوری 2022 کو جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ جسٹس عمر بندیال بطور چیف جسٹس 2 فروری 2022 سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جسٹس عمر بندیال کی میز پر 51 ہزار 766 مقدمات فیصلے کے منتظر ہوں گے، پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور ضلعی عدالتوں میں کم و بیش 21 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر 2023 تک عہدے پر خدمات انجام دیں گے جس کے بعد یہ عہدہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سنبھالیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں