عمران خان نےاداکاری میں شاہ رخ خان اورسلمان خان کوبھی پیچھےچھوڑدیا،فضل الرحمن

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس کی ڈرامہ بازیاں سمجھ نہیں آتیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو مشکل کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، حادثات کا سہارا لے کرقوم کو اضطراب کا شکار کیا جارہا ہے، ایک واقعے کو لے کر جھوٹ گھڑا جا رہا ہے، ہم لوگ خطے میں تمام ممالک میں معاشی طور پر پیچھے رہ گئے۔انہوں نے کہا کہ اندھے لوگوں نے آنکھیں بند کرکے عمران خان کے جھوٹ کو قبول کیا، آج اس نے ایک نیا ڈرامہ رچایا ہے، عمران خان کو گولی لگنے کی پہلی خبر آئی تو ہم نے بھی مذمت کی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں سامنے آتی گئیں، گولی ایک لگی ہے دو لگی چار لگی یا ٹکڑے لگے، ہم نے بم کے ٹکڑے سنے گولی کے ٹکڑے پہلے بار سنے ہیں۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہڈی کا علاج کینسر کے ہسپتال میں؟ حملے کا پرچہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ پر؟ ایسی گفتگو کوئی عام شہری نہیں کرتا جو ملک کا سابق وزیر اعظم کہہ رہا ہے، عمران خان نے ایکٹنگ میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس طرح کی ڈرامے بازیاں سمجھ نہیں آتیں۔فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان ساری دنیا کو چور چور کہتا رہا بعد میں خود چور نکلا، پہلے ان کے جھوٹ اور آفیشل ڈاکومنٹس پر جے آئی ٹی بننی چاہیے۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر انہوں ںے کہا کہ لانگ مارچ ناکام ہوگیا، یہ لوگ کسی صورت اسلام آباد میں داخل نہیں ہوسکتے، حکومت ڈٹ جائے اور کوئی نرمی نہ برتی جائے، یہاں زمین بہت گرم ہے تمہارے تلوے اس گرمی کو برداشت نہیں کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں