شعیب اختر کی زندگی پر فلم بنے گی

شعیب اختر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں تصدیق کی کہ ان کی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ نامی فلم بنائی جا رہی ہے، جس میں ان کی زندگی کے وہ پہلو بھی شامل ہوں گے جو کہ اب تک کسی کے سامنے نہیں آئے۔انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس میں فلم کا موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم کو کیو فلم پروڈکشن تیار کر رہا ہے اور اس کی ہدایات ایم فراز قیصر دے رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ‘راولپنڈی ایکسپریس’ میں وہ باتیں اور انکشافات شامل ہوں گے جو کہ آج تک راز بنے ہوئے ہیں۔کرکٹر نے لکھا کہ بہت سارے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان سے متعلق ہر چیز جانتے ہیں مگر ایسا نہیں اور اب ان کی زندگی پر بننے والی بائیوگرافی فلم میں سب راز سامنے آجائیں گے۔انہوں نے ‘راولپنڈی ایکسپریس’ سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی، تاہم بتایا کہ فلم کی کہانی ان کی زندگی کے ارد گرد گھومے گی۔ شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 46 ٹیسٹ میچ کھیلے، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 178 وکٹیں حاصل کیں۔شعیب اختر نے 163 ون ڈے میچز میں 247 جب کہ 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مارچ 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی، کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل وہ کافی عرصے تک فٹنیس کے مسائل سے دوچار رہے تھے۔انہیں دنیا کے فاسٹ ترین باؤلر کا اعزاز بھی حاصل ہے، کہا جاتا ہے کہ ان کی باؤلنگ کی رفتار 100 میل فی گھنٹہ کے برابر ہوتی تھی، اپنے کیریئر میں وہ کئی تنازعات، اسکینڈلز اور مسائل سے دوچار رہے جب کہ کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی وہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں