شدید بارشوں کی پیشنگوئی:کراچی میں آج عام تعطیل کا اعلان

کمشنر کراچی نوید شیخ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ موسم کی ہنگامی صورتحال کے باعث جمعہ کو شہر قائد میں عام تعطیل ہو گی۔ یہ اعلان رات گئے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے اس سے قبل شہر کے تعلیمی اداروں کی ایک روزہ بندش کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔بحیرہ عرب میں آنے والے طوفان شاہین کی وجہ سے کراچی اور صوبہ سندھ کے ساحلی علاقوں کو متاثر کرنے کی بابت محکمہ موسمیات پہلے ہی وارننگ جاری کرچکا ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق جمعہ کو کراچی میں لازمی سروسز والے اداروں اور بارشوں کی ایمر جنسی میں خدمات انجام دینے والے سرکاری اداروں کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر اور تمام تعلیمی ادارے بشمول کاروباربند رہے گا۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ وارننگز میں نہ صرف شہریوں کو حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے بلکہ سمندر میں لنگرانداز جہازوں کو بھی اپنے انجن آن رکھنے کا کہا گیا ہے تاکہ طوفانی کیفیت میں وہ باآسانی کھلے سمندر میں جا سکیں۔کراچی میں گلستان جوہر اور فیڈرل بی ایریا سمیت چند مقامات پر تیز ہواؤں کے باعث بجلے کے پول گرنے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں جب کہ کئی مقامات سے بجلی کی بندش کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے موسمی صورتحال سے متعلق جاری کردہ وارننگ میں کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں کم ہوا کا دباؤ کراچی سے دور ہے لیکن یہ بارش میں بدلنے کے بعد طوفانی صورتحال کا باعث ہو سکتا ہے۔پی ایم ڈی کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج رات سے شروع ہونے کے بعد آئندہ دو روز میں کراچی میں 150 ملی لیٹرز تک بارش ہو سکتی ہے جو اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔کراچی پولیس کی جانب سے بھی سیکیورٹی ڈویژن کا اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ شہر کے مختلف مقامات پر تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کراچی پولیس کا اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ خصوصی تربیت یافتہ ایس ایس یو کمانڈوز پر مشتمل ہے۔ یہ یونٹ جدید سازوسامان اور چھوٹی کشتیوں سے لیس ہے اور24 گھنٹے الرٹ پوزیشن میں رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں