الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے سندھ حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کا اعلان کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر سندھ حکومت کے فیصلے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی گورنمنٹ سندھ کی درخواست اور نوٹیفکیشنوں پر غور کیا گیا جہاں صوبائی حکومت نے کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دادو ضلع کی دو تحصیلوں خیرپور ناتھن اور مہر میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں قانونی اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کو نامنظور کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے اور اس ضمن میں الیکشن کمیشن ایک آرڈر جاری کر رہا ہے۔ مزید الیکشن کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وزارت داخلہ کو کہا جائے کہ انتخابات کے دوران انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج/ رینجرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
