سردیوں میں کورونا وائرس پھیل سکتا ہے،طبی ماہرین

سردیوں میں درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی وہ لوگ وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں، اسی لیے زیادہ سے زیادہ افراد کورونا ویکسین لازمی لگوائیں، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کورونا کے مثبت کیسز کی سخت نگرانی کرے۔ اسلام آباد میں فاؤنڈیشن فار انوویٹیو نیو ڈائیگناسٹک(فائنڈ) اورعالمی صحت ایجنسی یونٹ ایڈ کے اشتراک سے شِفا فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تقریب منعقد کی گئی جس کا عنوان ’پاکستان میں کووڈ 19 ٹیسٹ اور علاج ایڈوکیسی‘ تھا۔ ڈاکٹر شہزاد علی نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین میں اندرون ملک سفر کرنے کے لیے قرنطینہ سینٹر بنائے گئے ہیں جس کا مطلب ہے کہ ایک شخص کو دوسرے شہر سفر کرنے کے لیے پہلے 7 دن قرنطینہ ہونا پڑے گا اور اپنی منزل تک پہنچنے کے بعد دوبارہ 7 دن قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کی وجہ سے جسم میں رونما ہونے والی تبدیلی مثبت بھی ہوسکتی ہے اور منفی بھی، لیکن صحت کے شعبے کے اسٹیک ہولڈرز منفی تبدیلی کے لیے ہمیشہ تیار رہیں۔ڈاکٹر شہزاد نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگائی ان کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، اسی لیے تمام افراد جلد ویکسین لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ویکسین لگوالی ہے وہ بوسٹر ڈوز لازمی لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ مثبت کیسز کی نگرانی کرنے کی بھی سخت ضرورت ہے کیونکہ ان کیسز کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں