سالِ نو پر برج خلیفہ کے اطراف شاندار آتش بازی کو ابھی عوام نہیں بھولی تھی کہ دنیا کی سب سے مشہور ڈرون کمپنی، اسکائے میجک نے 500 سے زائد لیزر بردار ڈرون نے سماں باندھ دیا ہے۔ عوام ڈرون سے بنی آسمانی تصاویر دیکھ سکتے ہیں۔ اس شو کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ڈرون اس ترتیب میں آجاتے ہیں کہ ان پر تھری ڈی تصویر کا گمان ہوتا ہے۔ اسکائے میجک برطانیہ اور سنگاپور کی مشترکہ کمپنی ہے جو دنیا بھر میں اپنے ڈرون کے مظاہرے کرکے داد سمیٹ چکی ہے۔ اب دبئی میں اس کمپنی نے وسیع کینوس پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کا ٹکٹ کم سے کم 36 ڈالر کا ہے اور روازنہ دو مرتبہ دبئی مرینہ کے پاس روشن ڈرون کے مظاہرے منعقد ہوتے ہیں اور ہرشو پانچ منٹ کے لیے ہی ہوتا ہے۔ اس شو میں ڈرون دبئی کا پرچم، اہم عمارات، اور دیگر اہم مقامات کی تھری ڈی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان میں سے ہر ڈرون کا وزن 200 سے 500 گرام ہے۔ تمام ڈرون واٹر پروف ہیں اور ہوا کے تیز جھکڑ بھی برداشت کرسکتےہیں۔ اسکائے میچک کے مطابق ڈرون آتش بازی جیسا شور اور ماحول دشمن کیمیکل پیدا نہیں کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ماحول دوست اور پرسکون تفریح فراہم کرتے ہیں
