پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فردوس شمیم نقوی کے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔فردوس شمیم نقوی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس کی سیل توڑنے کی ویڈیو شیئر کی تھی۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پولنگ اسٹیشن میں صبح سے کوئی بھی عملہ موجود نہیں، ایک کمرے میں 5 باکس رکھے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن کی طرف سے کوئی خاتون عملہ موجود نہیں‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’پریزائیڈنگ افسر کی کوئی تربیت نہیں، تمام باکس کی سیل کُھلی ہے، الیکشن کمیشن والو! شرم سے ڈوب مارنے کا مقام ہے، یہ کام امیدوار کا نہیں ہے‘۔فردوس شمیم نقوی کی جانب سے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں پولنگ اسٹیشن سے بے دخل کرنے کاحکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’یو سی 2، تحصیل میونسپل کمیٹی جناح میں رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی کے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے کا نوٹس لے لیا گیا ہے‘۔ بیان میں فردوس شمیم نقوی کو پولنگ اسٹیشن سے بے دخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ ’یہ غیر قانونی حرکت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے‘۔
