بلوچستان میں سرچ آپریشن کےدوران بارودی سرنگ پھٹنے سےکیپٹن سمیت5 جوان شہید

بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ پھٹنے سے کیپٹن سمیت پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر گزشتہ روز سے بلوچستان کے علاقے کاہان میں ایک کلیئرنس آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں کیپٹن فہد، چار دیگر بہادر سپوتوں لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران اور سپاہی شمعون سمیت جاں بحق ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کر کے شہادت کو قبول کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دشمن عناصر کی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں، پاک فوج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کا عزم رکھتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ صدر مملکت نے بلوچستان کے علاقے کاہان میں سیکیورٹی فورسز کے کلیرنس آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت کیا اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیکورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔صدر مملکت نے شہداء کے ورثاء سے اظہار تعزیتکی اور شہداء کی دفاع وطن کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کاہان بلوچستان میں کلیرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے سے کیپٹن فہد اور انکے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار اور شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور شہادت کو پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور اب بھی پوری قوت و طاقت سے اسکا قلع قمع کریں گے، شہداء ہماری قوم کے ماتھے کا جھومر اور فخر ہیں، پورے پاکستانی عوام انکے پیچھے کھڑے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ارض وطن پر موجود ایک ایک دہشتگرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے، اللہ تعالی ہمارے شہداءکے درجات بلند کرے؛ انکے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے

اپنا تبصرہ بھیجیں