بسمہ معروف سیزن 23-2022 کےلیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بسمہ معروف کو سیزن 23-2022 کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے-قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کی قیادت کرنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز ہوتا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ وہ اس عہدے پر کام جاری رکھیں گی۔ سیزن 23-2022 پاکستان ویمنز کرکٹ کا ایک مصروف ترین سیزن ہے اور تمام کھلاڑی اس سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سیزن میں شیڈول ہر میچ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ بسمہ معروف نے کہا کہ وہ اب تک اپنے کرکٹ کیرئیر میں بھرپور تعاون کرنے اور اب فاطمہ کی پیدائش کے بعد ورک لائف توازن کو برقرار رکھنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی بہت مشکور ہیں۔ ایک وقت آیا تھا کہ جب انہوں نے اپنے شوق کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا مگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے میٹرنٹی پالیسی متعارف کرواکے انہیں ایسا کرنے سے روکا اور اپنے شوق کی تکمیل میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھرپور سپورٹ کرنے پر اپنے اہلخانہ خصوصاً شوہر ابرار کی بھی بہت شکر گزار ہیں۔ بسمہ معروف نے دسمبر 2006 میں 15 سال کی عمر میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ وہ 5000 سے زائد انٹرنیشنل رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کھلاڑی ہیں۔ انہیں 2016 میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم اور 2017 میں قومی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کی کپتان مقرر کیا گیا تھا۔اس سیزن کے دوران پاکستان کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت 25 میچز کھیلنے ہیں۔ سیزن کا آغاز رواں ماہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں شیڈول تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز سے ہوگا۔اس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بیلفاسٹ آئرلینڈ روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ میزبان آئرلینڈ اور ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔ یہ سیریز 12 سے 24 جولائی تک کھیلی جائے گی۔سہہ ملکی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں برمنگھم روانہ ہوگی، جہاں اسے 25 جولائی سے 8 اگست تک شیڈول کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنی ہے۔ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کی طرح بسمہ معروف بیلفاسٹ اور برمنگھم بھی اپنی بیٹی اور والدہ کے ہمراہ روانہ ہوں گی۔ پی سی بی اپنی پیرنٹل اسپورٹ پالیسی کے تحت یہ اخراجات برداشت کرے گا۔ پھر اکتوبر میں آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کو پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز شامل ہوں گے۔ اس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کرنی ہوگی۔ اس کے فوری بعد پاکستان ویمنز ٹیم آسٹریلیا پہنچے گی، جہاں وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل میزبان ملک کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گی۔ سیزن میں شامل دوطرفہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پاکستان ویمنز ٹیم کی آئندہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کی صورتحال واضح کر دیں گے جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قومی خواتین کرکٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو فروری میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں معاونت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں