برڈ فلوکاخطرہ،79 سالہ بزرگ کے بطخیں پالنے پر پابندی

برٹش کاؤنٹی ڈیوون میں رہنے والے 79 سالہ ایلن گوسلنگ پر وہاں کی حکومت نے پابندی لگا دی ہے کہ وہ اگلے ایک سال تک بطخیں نہیں پال سکتے۔تفصیلات کے مطابق، کرسمس سے چند روز قبل گوسلنگ کو شدید زکام ہوگیا تھا اور وہ بیمار ہوگئے تھے۔ مقامی طبّی ادارے کی تحقیق سے معلوم ہوا کہ وہ برڈ فلو (H5N1) میں مبتلا ہیں جو ماضی میں بھی انسانی وباؤں کا باعث بن چکا ہے۔ جب تفتیش کا دائرہ بڑھایا گیا تو پتا چلا کہ عمر رسیدہ ایلن گوسلنگ نے اپنے فارم پر برسوں سے کئی بطخیں پال رکھی تھیں جن کی تعداد پچھلے سال 160 ہوچکی تھی۔ گوسلنگ کو ان ہی میں سے کسی بطخ سے برڈ فلو ہوا تھا۔فوری حفاظتی اقدامات کے تحت یہ تمام بطخیں ہلاک کرکے وہاں سے ہٹا دی گئیں اور ساتھ ہی ساتھ اگلے ایک سال تک گوسلنگ کے بطخیں پالنے پر پابندی بھی لگا دی گئی۔ گوسلنگ کا ارادہ تھا کہ وہ صحت یاب ہونے کے فوراً بعد مزید بطخیں خرید لائیں گے لیکن پابندی کی یہ خبر ان پر بجلی بن کر گری اور وہ نڈھال ہو کر رہ گئے۔دوسری جانب برطانیہ میں نئے برڈ فلو کا پہلا مریض ہونے کی بناء پر صحت کے اداروں نے گوسلنگ پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے کیونکہ ایسے افراد ہی کسی وبا کا نقطہ آغاز ثابت ہوسکتے ہیں۔برڈ فلو کی مختلف اقسام ہیں جن میں سے H5N1 قسم سے متاثرہ ہونے والے 50 فیصد لوگ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں