باکسرعامرخان نےباکسنگ کیرئیر کو خیرباد کہہ دیا

برطانیہ کے سابق عالمی چمپیئن باکسر عامر خان نے باکسنگ کیرئیر سے ریٹائر ہو گئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عامر خان نے کہا کہ ‘اپنے گلوز اتارنے کا وقت آگیا ہے، میں 27 سال سے زیادہ عرصے پر محیط ایک شان دار کیریئر پر خوشی محسوس کر رہا ہوں’۔ سابق عالمی چمپیئن باکسر نے کہا کہ ‘میں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ غیرمعمولی ٹیم جس کے ساتھ میں کام کر چکا ہوں، اور میرا خاندان، دوستوں اور مداحوں کی محبت اور حمایت جو انہوں نے میرے ساتھ کی’۔ سابق لائٹ ویلٹر ویٹ ورلڈ چمپیئن اور 2004 میں ایتھنز اولمپکس میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے عامر خان نے 2005 میں پروفیشنل باکسنگ کا آغاز کیا تھا۔عامر خان کا آخری مقابلہ رواں برس فروری میں کیل بروک کے ساتھ ہوا، جس میں انہیں ناک آؤٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔عامر خان نے کیریئر میں 34 فتوحات حاصل کیں جبکہ 6 مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کیل بروک کے ہاتھوں چھٹے راؤنڈ میں تکنیکی طور پر ناک آؤٹ کے ساتھ بڑی شکست کے بعد عامر خان نے کھیل سے ریٹائرمنٹ پر غور کرنے کا اشارہ دے دیا تھا۔ عامر خان سے جب ان کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ یہ یقیناً سوچنے کی بات ہے، میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں کبھی نہیں چاہتا کہ باکسنگ مجھے ریٹائر کرے، میں باکسنگ سے ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی باکسنگ میں اس طرح کی مار پڑتی ہے، میں جانتا ہوں کہ میں نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا اور کچھ بڑے شاٹس آزمائے لیکن بعض اوقات اس طرح کے شاٹس مستقبل کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔عامر خان نے کہا تھا کہ میں نے اپنی توقع سے زیادہ کھیلا، شاید میں بہت جلد کھیل کی بلندی پر پہنچ گیا، میں نے اولمپکس میں حصہ لیا اس وقت میری عمر 17 سال تھی، میں نے 22 سال کی عمر میں ورلڈ ٹائٹل جیتا، میں اب 35 سال کا ہوں، میں بہت طویل عرصے سے رنگ میں ہوں، اب میں اس کھیل کے لحاظ سے بوڑھا ہو رہا ہوں، اب میں اپنے بچوں اور اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں