اوکٹاایف ایکس سمیت فارن ایکسچینج ٹریڈنگ پلیٹ فارمز غیرقانونی قرار

اسٹیٹ بینک نے قرار دیا ہے کہ سارے آف شور فارن ایکسچینج ٹریڈنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور پلیٹ فارمز غیر قانونی ہیں۔اسٹیٹ بینک کی جانب جاری ہدایات کے مطابق آف شور فارن ایکس چینج ٹریڈنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور پلیٹ فارمز جیسے اوکٹا ایف ایکس، ایسی فاریکس وغیرہ پاکستان کے شہریوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات فراہم کررہے ہیں۔ یہ ڈجیٹل پلیٹ فارمز سوشل میڈیا اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتے ہیں۔ ایسی مصنوعات کی مثالوں میں فارن ایکسچینج ٹریڈنگ، مارجن ٹریڈنگ، کنٹریکٹ فار ڈفرینسز اور دیگر شامل ہیں۔ اس سے قبل اوکٹا ایف ایکس سمیت دیگر فارن ٹریڈنگ کے پلیٹ فارمز استعمال کرنے والوں کی اکثریت کا خیال تھا کہ پاکستان میں ان پلیٹ فارمز کے ذریعے فوریکس ٹریڈنگ قانونی ہے اور اسکی کوئی ممانعت نہیں ہے۔ مرکزی بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام کے مفاد میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں مقیم کسی بھی شخص کے لیے مذکورہ بالا پلیٹ فارمز کی پیش کردہ مصنوعات اور خدمات خریدنا ممنوعہ اور ملکی قانون کے منافی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ایسے آف شور پلیٹ فارمز سے مصنوعات اور خدمات خریدنے اور کسی بھی پیمنٹ چینل سے انہیں بلاواسطہ یا بالواسطہ زر مبادلہ بھیجنے والے شخص کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشنز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ چونکہ ایسے پلیٹ فارمز کی ریگولیشن نہ تو اسٹیٹ بینک کرتا ہے اور نہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اس لیے عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ محتاط رہیں اور ایسے پلیٹ فارمز کی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان اور قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔ واضح رہے کہ اوکٹا ایف ایکس سمیت کئی آن لائن ایپس اور ویب سائٹس فوریکس ٹریڈنگ کرواتے ہیں۔ یہ سارے پلیٹ فارمز بیرون ملک سے آپریٹ ہورہے ہیں جس میں پاکستانی بھی بڑے پیمانے پر فوریکس ٹریٖڈنگ کرتے ہیں۔ فوریکس ٹریڈنگ سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فوریکس ٹریڈنگ کرنے والے ڈالر کے بدلے اسکرل خریدتے ہیں اور اسے فوریکس ٹریڈنگ کرتے ہیں جب کہ فوریکس اکاونٹس سے دنیا بھر میں کہیں بھی رقم نکالی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی لوگ ملک سے رقم باہر نکالنے کے لئے بھی ان اکاونٹس کا استعمال کرتے ہیں اس کے علاوہ ان ایپس میں جعلسازی،دھوکہ دہی کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں