امریکی رکن کانگریس الہان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکہ کی رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی ہے، وزیر اعظم نے الہان عمر کو پاکستان کے پہلے دورے پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے، پاکستانی پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلہ خیال کو تقویت ملے گی، پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ باہمی احترام، اعتماد اور مساوات پر مبنی دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں ، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے پاکستان امریکہ تعلقات کو تقویت دینے میں سمندر پار پاکستانیوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان قومی ترقی اور نمو میں ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔شہباز شریف نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا جیسی برائی سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ رکن کانگریس الہان عمر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ خیال رہے کہ امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر 20 سے 24 اپریل 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں