امریکا انسداد دہشتگردی،بارڈرسیکیورٹی میں پاکستان کے ساتھ کام کرنےکا خواہشمند

امریکا انسداد دہشت گردی اور بارڈر سیکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہتا ہے۔ یہ بات محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک نیوز بریفنگ میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن، اسلام آباد کے ساتھ کچھ شعبوں میں تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم ان شعبوں میں مل کر کام جاری رکھنا چاہتے ہیں جہاں ہمارے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ باہمی مفادات ہیں، اس میں انسداد دہشت گردی بھی شامل ہے، اس میں اس کے ساتھ ساتھ بارڈر سیکیورٹی بھی شامل ہے۔افغانستان کی صورتحال سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے نیڈ پرائس نے گزشتہ ماہ کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے حملے کی نشاندہی کی جس میں تین چینی اور ایک پاکستانی ہلاک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم نے کراچی یونیورسٹی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی تھی، ہم آج بھی اس مذمت کا اعادہ کرتے ہیں۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ کہیں بھی دہشت گرد حملہ ہر جگہ انسانیت کی توہین ہے لیکن کسی یونیورسٹی یا مذہبی مقام پر دہشت گرد حملہ کرنا انسانیت کی حقیقی توہین ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں