پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے متعلق سمری پر گورنر پنجاب نے قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کردی ہے- ذرائع گورنر ہاؤس کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط سے متعلق قانونی، آئینی نکات پر غور شروع کردیا ہے، قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد گورنر پنجاب اسمبلی تحلیل پر ممکنہ طور دستخط کریں گے۔دریں اثنا گورنر پنجاب نے ایکسپو سینٹر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی نمائندہ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی ایڈوائس مجھ تک پہنچی ہے، جمہوری فرد کے لیے ایوان کو توڑنا مشکل کام ہے لیکن آئین میں اسمبلی تحلیل کرنے کی شق موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ تحلیل کے قانونی پہلو کو دیکھنا میرے فریضے میں شامل ہے، آئینی اور قانونی تمام پہلوؤں کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے، نگران سیٹ اپ اور آئندہ الیکشن کی تاریخ بھی دینی ہے، ان سب پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کروں گا جو آئینی، قانونی اور ملک و قوم کے مفاد میں ہو
