اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں دھماکہ،ایک پولیس اہلکار شہیدٹیکسی کا ڈرائیورجاں بحق

اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں ٹیکسی میں دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ ٹیکسی کا ڈرائیور بھی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی، اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ترجمان آئی جی اسلام آباد کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس ٹیم کے ایک اہلکار نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی کے رکتے ہی دھماکا ہوگیا اور گاڑی میں موجود ٹیکسی ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، جب کہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ترجمان نے بتایا کہ پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ہے، جب کہ اس کے ساتھ کھڑا ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہے۔ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ دھماکا خود کش تھا، اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور چیکنگ چل رہی تھی، پولیس جوانوں نے چیکنگ کے دوران مشکوک گاڑی کو روکا تھا، اور گاڑی رکتے ہی خود کش بمبار نے خود کو اڑا لیا۔ دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، اور اس میں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنایا گیا۔پولیس کے افسران موقع پر پہنچ چکے ہیں، اور متعلقہ ادارے بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔ جب کہ اسلام آباد واقعے کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں