ابرارالحق نے اپنا گانا بھارتی فلم میں شامل کرنے پر میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھیج دیا

معروف گلوکار و موسیقار ابرارالحق نے اپنا مشہور گانا ’نچ پنجابن نچ‘ بغیر اجازت بھارتی فلم میں شامل کرنے پر بھارتی میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر پر پاکستانی گلوکار نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہا ’ برطانیہ میں میرے وکیل نے میرے گانے ’نچ پنجابن‘ کے غلط استعمال پر ’مووی باکس‘ کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ آنے والے چند روز میں اس حوالے سے مزید پیش رفت سامنے آئے گی۔ ابرارالحق کا پرانا مشہور گانا ’نچ پنجابن نچ‘ فلم ساز کرن جوہر کی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ میں شامل ہے اور اسے ٹی سیریز کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔ابرار الحق کی جانب سے بھارتی میوزک کمپنی کو قانونی نوٹس بھجوانے کا انکشاف مذکورہ فلم کی ریلیز کے 2 روز بعد سامنے آیا ہے۔قبل ازیں اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بالی ووڈ اداکار ورون دھون کے ایک انٹرویو کی کلپ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں اداکار ابرارالحق کا شکریہ ادا کرتے نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ ’میں ابرار جی کو یہی کہنا چاہوں گا کہ انہوں نے اوریجنل گانا بہت بہترین گایا، ہمیں بہت اچھا لگا، ہماری میوزک کمپنی نے گانے کے حقوق خریدے اور اب یہ گانا کافی اچھا چل رہا ہے، شکریہ ابرار‘۔ اس فلم کا ٹریلر گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا جس کے بعد ابرارالحق نے اپنے گانے کو بغیر اجازت اس فلم میں شامل کرنے اور کاپی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں