آسٹریلیا کے ہوم ٹور سے پی سی بی نے 2 ارب روپے تک منافع کمایا

پاکستان اور آسٹریلوی ٹیم کے درمیان سیریز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے لیے منافع بخش ثابت ہوئی، پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پاک آسٹریلیا سیریز نے کرکٹ بورڈ کو کمرشل سائیڈ پر بڑا فائدہ پہنچایا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ انٹرویو میں رمیز راجا نے کہا کہ اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح نے تجارتی پہلوؤں کے لحاظ سے ہماری کرکٹ کو فائدہ پہنچایا، پوری دنیا کے لوگوں نے ہماری ٹیم اور اس کھیل میں دلچسپی لی۔ رمیز راجا کے مطابق صرف آسٹریلیا کے ہوم ٹور سے تقریباً ‘دو ارب’ تک منافع کمایا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوش آئند ہے اور ہماری کرکٹ کے آگے بڑھنے کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں اچھی کارکردگی کے ساتھ ہماری کرکٹ ٹیم نے لوگوں میں اعتماد پیدا کیا جس نے ہمیں تجارتی بنیادوں پر نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں