آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک

آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز کرکٹر اینڈریو سائمنڈ ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔چھیالیس سالہ آسٹریلوی آل راؤنڈر کرکٹر نے سنہ 1998 سے 2009 تک اپنے کرکٹنگ کریر میں 26 بین الاقوامی ٹیسٹ میچ، 198 ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور 14 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔وہ ایک جارحانہ بلے باز، چست فیلڈر اور اچھے بولر تھے۔ انھوں نے دو کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں اور سنہ 2006- 2007 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی ایشز سیریز میں بھی آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ ان کی پیدائش برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ہوئی تھی اور انھوں نے انگلینڈ کاؤنٹی کرکٹ کلبز کینٹ، گلوسیٹرشائر، لنکاشائر اور سرے کی طرف سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی۔ان کے پاس کاؤنٹی چیمپئن شپ مقابلوں میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی تھا، انھوں نے سنہ 1995 میں گلوسیٹر شائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے گلامورگن کے خلاف 16 چھکے مارے تھے۔ گذشتہ ہفتے بین سٹوکس نے ان کا یہ ریکارڈ برابر کیا ہے۔اس سال کے شروع میں سابق وکٹ کیپر راڈ مارش اور لیجنڈری سپنر شین وارن کی موت کے بعد ان کی موت آسٹریلوی کرکٹ کے لیے ایک اور اہم نقصان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں